منگلورو 7/ جولائی (ایس او نیوز) سٹی سائبر کرائم برانچ کے افسران نے چترادرگہ ہیرور کے رہنے والے ایک 28 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت یوگیش کے طور پر کی گئی ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے دسمبر 2019 میں منگلورو میں سی اے اے اور این سی آر کے خلاف احتجاج کے دوران فیس بک پر فیک آئی ڈی بنا کر اشتعال انگیز پیغام پوسٹ کیا تھا۔
پولیس کے بیان کے مطابق جب احتجاج کے دوران شہر میں تشدد پھوٹ پڑا تھا تو اس وقت اس نے پولیس کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے کی نیت سے اشتعال انگیز میسیج پوسٹ کیا تھا جس میں پولیس افسران کے گھر والوں کو دھمکیاں دی گئی تھیں اور لوگوں کو پولیس کے خلاف بھڑکایا گیا تھا۔ پھر اس کے بعد ملزم نے اس پیغام کو دوسرے اکاونٹ کے ساتھ ٹیگ کرتے ہوئے اس کے اسکرین شاٹس سوشیل میڈیا پر شیئر کیے تھے۔
سائبر کرائم پولیس نے یوگیش کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے خلاف کیس درج کرلیا ہے اور اسے عدالت میں پیش کیا ہے، جہاں سے ملزم کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے.